پاک-بھارت بلائنڈ ویمن کرکٹرز نے حالیہ سیاسی کشیدگی کو بھلا کر کھیل کی اصل روح کو اجاگر کیا ہے۔ سری لنکا میں جاری دنیا کے پہلے بلائنڈ ویمن ٹی20 ٹورنامنٹ میں دونوں ممالک کی کھلاڑیوں نے میچ کے اختتام پر ایک دوسرے سے ہاتھ ملا کر سب کے دل جیت لیے۔
منتظمین کے مطابق، اگرچہ کھلاڑیوں کی بینائی محدود ہے، مگر وہ کھیل میں بھرپور وژن کے ساتھ حصہ لیتی ہیں۔ ایٹمی قوت رکھنے والے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان مئی میں ہونے والی فوجی جھڑپ کے بعد کشیدگی جاری رہی، اور ستمبر میں مینز ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا۔
تاہم، بلائنڈ ویمن ٹیموں نے حالیہ میچ میں اس رویے کو بھلا دیا۔ دونوں ٹیمیں ایک ہی بس میں سفر کر کے میدان تک پہنچی، میچ کے بعد نہ صرف ایک دوسرے کا خیرمقدم کیا بلکہ تعریفیں بھی کیں۔
میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان کی ٹیم نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 135 رنز بنائے، جبکہ بھارت نے 11 ویں اوور میں 136 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ پاکستان کی کپتان نمرا رفیق نے بھارتی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی، اور بھارتی کپتان ٹی سی دیپیکا نے پاکستان کی ٹیم کی اچھی کارکردگی سراہی۔
کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے لیے تالیاں بجائیں، اور کھیل کے اس حسنِ اخلاق نے ثابت کیا کہ کرکٹ کا اصل مقصد صرف جیت نہیں بلکہ کھیل کے جذبے اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos