سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کا مقدمے کے فیصلے سے پہلے پیغام

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے انسانی حقوق کے خلاف مبینہ جرائم کے مقدمے کے فیصلے سے قبل اپنے حامیوں کو یقین دلایا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں اور وہ ایسے فیصلوں کی پرواہ نہیں کرتیں۔

شیخ حسینہ نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں کہا کہ محمد یونس کی عبوری حکومت ان کی پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن عوامی لیگ عوام کی بنائی ہوئی جماعت ہے، جو کسی طاقت کے ناجائز قبضے سے ختم نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے احتجاج کے دوران اپنی حمایت ظاہر کی ہے اور یہ اعتماد انہیں مضبوطی دیتا ہے کہ عوام خود انصاف کے لیے آواز بلند کریں گے۔ شیخ حسینہ نے اپنے حامیوں سے کہا کہ پریشان نہ ہوں، وہ زندہ ہیں اور عوام کی بھلائی کے لیے کام جاری رکھیں گی۔

انہوں نے عبوری حکومت پر الزام لگایا کہ وہ منتخب نمائندوں کو زبردستی ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دس لاکھ روہنگیا پناہ گزینوں کو تحفظ فراہم کیا، مگر اب ان پر اسی الزام کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

شیخ حسینہ نے کارکنوں سے کہا کہ صبر کریں، وقت کا معاملہ ہے، اور انصاف حاصل ہوگا۔ ان کے خطاب کا اختتام انہوں نے نعرے ’’جے بانگلا، جے بانگلا، جے بنگلہ دیش‘‘ کے ساتھ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔