اسلام آباد پولیس نے ٹرائی نیشنز کرکٹ سیریز کے دوران ٹیموں کی اسلام آباد سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک نقل و حرکت کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق ٹیموں کی آمد و رفت کے وقت شہر کی مختلف مصروف شاہراہوں پر عارضی ڈائیورشنز لگائی جائیں گی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔
رش کے اوقات میں سری نگر ہائی وے، کلب روڈ اور نائنتھ ایونیو پر ڈائیورشنز لاگو ہوں گی، اس لیے شہریوں کو سفر کے لیے 15 سے 20 منٹ اضافی وقت رکھ کر نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات جاری رہیں گے اور کوشش ہوگی کہ ٹریفک کے بہاؤ میں کم سے کم رکاوٹ پیدا ہو۔
ٹریفک کی تازہ صورتِ حال کے لیے شہری اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ایف ایم 92.4 سے اپڈیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پکار 15 جبکہ ٹریفک سے متعلق رہنمائی کے لیے 1915 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos