اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی نے اتفاق رائے سے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد منظور کر لی جس میں ان اقوام اور عوام کے حق خود ارادیت کے عزم کو اجاگر کیا گیا جو اب بھی نوآبادیاتی، غیر ملکی اور اجنبی تسلط کے تحت زندگی گزار رہے ہیں۔ پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ، سفیر عاصم افتخار احمد نے یہ قرارداد جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں پیش کی جسے 65 ممالک کی مشترکہ حمایت حاصل رہی۔ قرارداد دنیا کی توجہ ان عوام کی جانب مبذول کراتی ہے جو اپنے ناقابل تنسیخ حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں، جن میں فلسطین اور کشمیر کے عوام بھی شامل ہیں۔ متوقع ہے کہ یہ قرارداد آئندہ ماہ جنرل اسمبلی میں توثیق کے لیے پیش کی جائے گی، جس کے مطابق 193 رکنی اسمبلی غیر ملکی فوجی مداخلت اور قبضے کی ان کارروائیوں کی سخت مخالفت کرے گی جو حق خود ارادیت کو دبانے کا باعث بنتی ہیں اور ذمہ دار ریاستوں سے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرے گی۔ پاکستان کے مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اب بھی دنیا میں ایسے لوگ موجود ہیں جو غیر ملکی قبضے کے تحت زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں اس بنیادی آزادی سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر میں ایک بنیادی اصول کے طور پر درج ہے اور متعدد بین الاقوامی دستاویزات میں تسلیم شدہ ہے، جن میں شہری و سیاسی حقوق کا بین الاقوامی عہد اور معاشی، سماجی و ثقافتی حقوق کا عہد شامل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos