واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے لیے ایک بڑے دفاعی پیکیج کی منظوری دے دی ہے، جس میں جدید ترین ایف-35 لڑاکا طیارے اور تقریباً 300 جدید ٹینک شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ دفاعی تعاون دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ اس کے علاوہ، امریکا اور سعودی عرب نے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی ایک تاریخی معاہدہ طے کیا ہے اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے میں ایک تاریخی ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں، جسے خطے میں ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی حکام نے بتایا کہ سعودی عرب کی امریکا میں سرمایہ کاری کو 600 ارب ڈالر سے بڑھا کر 1 کھرب ڈالر تک توسیع دینے پر بات چیت کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب امریکا سے 142 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ خریدے گا، جس میں ایف-35 طیارے، جدید ٹینک اور دیگر ہتھیار شامل ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کو امریکا کا سب سے بڑا نان نیٹو اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے بعد سعودی عرب پہلے سے زیادہ محفوظ اور دفاعی طور پر مضبوط ہوگا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران مستقبل میں امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کا خواہش مند ہو سکتا ہے اور غزہ میں سیکیورٹی کی صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک باہمی اعتماد، تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو باقاعدہ طور پر اہم نان نیٹو اتحادی کا درجہ دے دیا۔ وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں ایلون مسک اور کرسٹیانو رونالڈو سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد کو وائٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہنا باعثِ مسرت ہے اور دونوں ممالک نے اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات ہیں جنہیں مزید وسعت دی جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے قریب پہنچ چکے ہیں اور موجودہ حالات میں غزہ پہلے سے زیادہ محفوظ ہے، جبکہ غزہ بورڈ آف پیس میں کئی ممالک کے سربراہ شریک ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حماس کی جانب سے مزید یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیلی خاندانوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ سعودی ولی عہد نے خطاب میں ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات بہترین سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس نے اعلامیہ جاری کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سول نیوکلیئر معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق امریکا نے سعودی عرب کے لیے بڑے دفاعی پیکج کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ایف-35 لڑاکا طیارے فراہم کیے جائیں گے اور سعودی عرب امریکا سے تقریباً 300 ٹینک بھی خریدے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos