عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیشی کیلئے ویڈیو لنک کی تیاری کا حکم

راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آئندہ پیشی ویڈیو لنک کے ذریعے کرانے کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فوری انتظامات کی ہدایت جاری کردی ہے۔

جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، تاہم آج بھی ٹرائل آگے نہ بڑھ سکا۔ شیخ رشید، سیمابیہ طاہر اور دیگر ملزمان حاضری لگا کر لوٹ گئے۔ عدالت میں ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہو سکا جبکہ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مقدمے کے گواہ کرکٹ اسٹیڈیم ڈیوٹی پر ہیں۔ عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت واٹس ایپ ویڈیو کال کے ذریعے ہوگی۔

وکلائے صفائی کی عمران خان سے فوری ملاقات کی درخواست

سماعت کے دوران وکیل فیصل ملک نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت طلب کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کیس پر مشاورت کے بغیر دفاع ممکن نہیں۔ عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین سے براہِ راست ہدایات لینا ضروری ہے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل ملک نے 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم کو "جمہوریت اور بنیادی حقوق پر حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فی الفور رول بیک کیا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے اور اڈیالہ جیل کے باہر گزشتہ رات پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

انہوں نے ویڈیو لنک ٹرائل کو مسترد کرتے ہوئے کہا:
"عمران خان کی مؤقف ہے کہ ٹرائل ان کی موجودگی میں ہونا چاہیے، ہم ویڈیو ٹرائل نہیں مانتے۔”

فیصل ملک نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی بہنوں کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کی مذمت کرتے ہیں اور اس پر قانونی کارروائی ہوگی۔

شیخ رشید کا ردِ عمل

میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے امید ظاہر کی کہ "اچھا وقت آئے گا”۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان سمیت عمران خان کی تینوں بہنوں کو ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے—اس سے کچھ نہیں بگڑتا۔ شیخ رشید نے ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بنیادی مسائل کا نوٹس لے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ انہیں ان کیسز میں نامزد کیا گیا ہے جن کے وقت وہ بیرونِ ملک تھے۔ ساتھ ہی کہا کہ ان کے بھتیجے شیخ راشد کو "40 سال سزا دے دی گئی جبکہ وہ فیصل آباد کبھی گئے ہی نہیں۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔