دبئی ائیرپورٹ پر مسافروں کی ریکارڈ آمد،پاکستان کا چوتھانمبر

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے رواں سال کے پہلے نو ماہ کے مسافروں کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق دبئی آنے والوں میں پاکستانی مسافر چوتھے نمبر پر رہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے ستمبر 2025 کے دوران 32 لاکھ پاکستانی مسافروں نے دبئی ایئرپورٹ کا استعمال کیا۔ پاکستانی شہری دبئی کا رخ سیاحت، کاروبار، خاندانی ملاقاتوں، ملازمت کے مواقع اور بین الاقوامی ٹرانزٹ کے لیے کرتے ہیں، جس کے باعث دبئی ایئرپورٹ کو پاک–یو اے ای سفر میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

رپورٹ کے مطابق صرف جولائی سے ستمبر کے دوران 2 کروڑ 42 لاکھ مسافروں نے دبئی ایئرپورٹ کا استعمال کیا، جو گزشتہ سال کی نسبت 1.9 فیصد زیادہ ہے۔ یہ تعداد ایئرپورٹ کی 65 سالہ تاریخ میں کسی بھی تین ماہ میں آنے والے سب سے زیادہ مسافروں کا نیا ریکارڈ ہے۔

جنوری سے ستمبر تک مجموعی طور پر 7 کروڑ 1 لاکھ مسافر ایئرپورٹ پر ریجسٹر کیے گئے، جو گزشتہ سال سے 2.1 فیصد اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ گزشتہ 12 ماہ کے دوران بھی 9 کروڑ 38 لاکھ مسافروں کی آمد و رفت کا نیا ہائی ریکارڈ قائم ہوا۔

ملکی سطح پر موازنہ کیا جائے تو

  • بھارت 88 لاکھ مسافروں کے ساتھ پہلے نمبر پر،
  • سعودی عرب 55 لاکھ کے ساتھ دوسرے،
  • برطانیہ 46 لاکھ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا،
    جبکہ پاکستانی مسافر 32 لاکھ کے ساتھ چوتھے نمبر پر آئے۔

دبئی ایئرپورٹ نے اپنے مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی:

  • روانہ ہونے والے 99.6 فیصد مسافروں کی امیگریشن 10 منٹ میں مکمل ہوئی۔
  • دبئی پہنچنے والے 99.8 فیصد مسافروں کی امیگریشن 15 منٹ کے اندر مکمل کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمینل ون اور ٹرمینل تھری میں نئی توسیع تیزی سے جاری ہے، جس کا مقصد بڑھتی ہوئی مسافروں کی تعداد، خصوصاً جنوبی ایشیائی مسافروں کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔