بلوچستان میں سردی کی لہر مزید مضبوط ہوگئی ہے، کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ میں آج صبح درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں بھی پارہ ایک ڈگری تک گر گیا۔ سبی میں 12، نوکنڈی میں 9، گوادر میں 14 اور جیوانی میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی اور مرکزی بلوچستان میں سردی کی شدت بتدریج بڑھ رہی ہے جبکہ دسمبر کے آغاز میں بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
ادھر پنجاب میں صورتحال مختلف ہے جہاں لاہور سمیت گوجرانوالہ، گجرات اور ملتان میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 200 سے زائد جبکہ کئی مقامات پر 400 سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ اسلام آباد، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں موسم خشک جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور ہلکی دھند کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا اور سندھ کے اکثر اضلاع میں بھی موسم خشک جبکہ بلوچستان کے شمالی حصوں میں سردی برقرار رہنے کی توقع ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos