فیصل آباد:فیکٹری دھماکے میں ایک اور زخمی دم توڑ گیا،ہلاکتیں21 ہو گئیں

 

فیصل آباد: ملک پور کے علاقے میں فیکٹری کے بوائلر پھٹنے سے زخمی ہونے والا ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا۔ ملک پور کے علاقے میں فیکٹری کے بوائلر کے پھٹنے سے شدید دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں اب تک 21 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، جبکہ 5 افراد تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

دھماکے کی شدت سے فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی اور آس پاس کے کئی مکانوں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں میاں بیوی اور دو بچے شامل ہیں۔ لواحقین کے مطابق وہ گھر میں سو رہے تھے جب دھماکا ہوا اور عمارت ان پر آ گری۔

پولیس نے فیکٹری کے مالک قیصر چغتائی اور منیجر کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مقدمہ مالک اور مینیجر سمیت 7 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق خطرناک کیمیکل کے استعمال پر متعدد بار روک لگائی گئی تھی، مگر ملزمان نے رہائشی علاقے میں فیکٹری میں کام جاری رکھا۔

ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے بتایا کہ واقعہ بوائلر پھٹنے یا شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا، اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ دھماکے کے بعد علاقہ مکین غم و صدمے میں مبتلا ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔