وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ احتساب اور جوابدہی کے بغیر گڈ گورننس ممکن نہیں، اور پبلک سیکٹر میں بغیر احتساب پرفارمنس زیرو ہوجاتی ہے۔
انہوں نے نیشنل ڈیفنس سکیورٹی کی 27ویں ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات میں بتایا کہ پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے کامیابی سے جاری ہیں، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے باوجود حکومت نے عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلاب کے دوران بروقت اقدامات سے نہ صرف لاکھوں افراد بلکہ مویشی بھی محفوظ رہے اور متعدی امراض کے پھیلاؤ سے بچاؤ ممکن ہوا۔ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے سموگ کنٹرول، ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اور بھٹوں پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ میرٹ، شفافیت اور بروقت فیصلہ سازی گڈ گورننس کے بنیادی اصول ہیں۔ پنجاب میں سرکاری افسران کی کارکردگی کے 6 گھنٹے کے میراتھن سیشن ہو رہے ہیں اور سیاسی بنیاد پر کسی کی بھرتی نہیں کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کی خریداری کے موثر نظام سے کسانوں اور عوام کو فائدہ پہنچا، مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے 4 فیصد تک کم ہوئی، اور سبزی، روٹی اور آٹا سستے داموں دستیاب ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 30 ہزار کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں، ای ٹینڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے بچائے جا رہے ہیں، جدید برن ہسپتال، آرتھوپیڈک ہسپتال اور پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے مریضوں کی بروقت ہسپتال منتقلی سے کئی جانیں بچائی گئیں، بچوں کے علاج کے لیے 15 ہزار ہارٹ سرجری کارڈز جاری کیے گئے اور 7 ہزار ہارٹ سرجریز مکمل ہو چکی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام شروع کیا گیا، تعلیم کے شعبے میں خواتین اور مرد دونوں کے لیے مساوات قائم کی جا رہی ہے اور خواتین کے لیے گھر میں کاروباری مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos