ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ،گورنر خیبر پختونخوا نے تفصیلات طلب کر لیں

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلیٰ حکام سے فیڈرل کانسٹیبلری (FC) ہیڈکوارٹرز پر حملے کی تفصیلات طلب کر لیں۔ گورنر نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خارجی دہشت گردوں کی حرکت ہے۔

گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو اپنی پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز پر فخر ہے، جو شہادتیں پیش کر کے اسلام، ملک اور انسانیت کے دشمنوں کے عزائم ناکام بنا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر فتنہ الخوارج کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا، جس میں تین خودکش حملہ آور مارے گئے۔

ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال نے بتایا کہ جوانوں نے بہادری سے حملے کو ناکام بنایا اور اس کارروائی میں فیڈرل کانسٹیبلری کے تین اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔ مجموعی طور پر حملے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ دو دیگر خودکش حملہ آور FC ہیڈکوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔ ایف سی کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔