ایتھوپیامیں 12 ہزارسال سے خاموش آتش فشاں پھٹ گیا۔ہیلی گوبی نامی آتش فشاں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 800 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ اس کی بلندی تقریباً 500 میٹر ہے اوریہ رِفٹ ویلی،افارخطے میں موجود ہے۔
برطانوی میڈیاکے مطابق اس میں کئی گھنٹے تک دھماکے ہوتے رہے۔اخبارگارڈین کے مطابق سمتھسونین انسٹی ٹیوشن کے عالمی آتش فشاں پروگرام نے بتایاہے کہ ہیلی گوبی میں ہولوسین عرصے کے دوران، جو 12 ہزارسال قبل آخری برفانی دور کے اختتام پر شروع ہوا تھا، ایسی کوئی سرگرمی ریکارڈ نہیں۔
ہیلی گُوبی آتش فشاں پھٹنے سے نکلنے والا دھواں 46 ہزار فُٹ کی بلندی تک پہنچااوربحیرہ احمر عبور کر کے یمن اور عمان تک پہنچا۔جس کے بعد اس نے برعظیم پاک وہند کا رخ کیا۔
ترجمان محکمہ موسمیات پاکستان انجم نذیر کا کہنا ہے کہ آتش فشاں کی راکھ گوادر کے جنوب میں 60 ناٹیکل مائل پر دیکھی گئی۔راکھ 45 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی۔
ہیلی گُوبی آتش فشاں پھٹنے سےمویشی پالنے والے افراد کی معیشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مقامی اہلکار کے مطابق ابھی تک جانی نقصان نہیں ہوا۔ خبرایجنسی کے مطابق آتش فشاں کی سیاہ راکھ سے شمال مشرقی ایتھوپیا میں خوف اور تشویش پھیل گئی، متاثرہ علاقے سے رہائشیوں کی بڑی تعداد کو انخلاء کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں آتش فشاں سے اٹھنے والے دھوئیں کا غبار بادلوں تک جاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
انگلینڈ کی یونیورسٹی آف برسٹل میں زمینی سائنس دان جولیٹ بگس کا کہنا ہے کہ کسی بھی طرح سے، یہ پھٹنا انتہائی غیر معمولی ہے۔ .ہیلی گوبی ایک شیلڈ آتش فشاں ہے، جیسا کہ ہوائی میں مونا لوا ہے۔ یہ آتش فشاں لاوے کے بہاؤ کے لیے مشہور ہیں، راکھ کے بڑے کالموں کو باہر نہیں نکالتے۔بگس کا کہنا ہے کہ ایک بڑی چھتری والے بادل کی طرح ایک بڑے پھٹنے والے کالم کو دیکھنا، اس علاقے میں واقعی نایاب ہے۔
اس واقعہ نے ایک سائنسی کھوج کا عمل شروع کر دیا ہے۔ انگلینڈ کی یونیورسٹی آف ساؤتھمپٹن کے ارضیاتی سائنسدان ڈیرک کیر ایتھوپیا میں تھےجب آتش فشاں پھٹا،انہوں نے راکھ کے نمونے جمع کیے ہیں۔ان کا تجزیہ کرنے سے یہ پتاچلانے میں مدد ملے گی کہ کس قسم کا میگما پھٹاہے۔ آتش فشانی لاوا بہنے سے یہ بھی پتہ چل سکتا ہے کہ کیا ہیلی گوبی واقعی 12 ہزارسال سے خاموش تھا،یاپھر اس بارے میں معلومات درست نہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos