پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز سمیت مزید تین ٹیموں نے اپنے مالکانہ حقوق آئندہ ایک دہائی کے لیے محفوظ کر لیے ہیں۔ دوسری جانب ملتان سلطانز کا مستقبل تاحال غیر یقینی ہے۔
کراچی کنگز نے اگلے 10 برس کے لیے اپنے فرنچائز رائٹس کی کامیاب تجدید کر لی ہے۔ معاہدہ منگل کے روز طے پایا، جسے عالمی آڈٹ فرم ’ارنست اینڈ ینگ‘ کی نئی مارکیٹ ویلیو رپورٹ کی بنیاد پر توسیع دی گئی۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ کراچی کنگز آئندہ دہائی تک موجودہ مالکان کے پاس رہیں گے۔ سلمان اقبال اور ان کی ٹیم نے لیگ کی مقبولیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
کراچی کنگز 2020 کی چیمپئن تھی اور پی ایس ایل کی تجارتی طور پر سب سے مضبوط فرنچائزز میں شمار ہوتی ہے۔
کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی اپنے رائٹس کی آئندہ 10 سال کے لیے تجدید کر دی ہے۔ تینوں فرنچائزز نے باضابطہ دستخط مکمل کر لیے۔
لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا کہ 10 سال پہلے لاہور کی فرنچائز اس لیے لی تھی کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، اور آج یہ پی ایس ایل کی نمبر ون ٹیم بن چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئی ویلیوایشن میں لاہور قلندرز لیگ کی سب سے قیمتی ٹیم بن گئی ہے۔
ملتان سلطانز کی فرنچائز کا معاملہ الجھا ہوا ہے۔ ٹیم کے مالک علی ترین نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی نے اب تک ان سے تجدید کے حوالے سے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا۔
علی ترین کے مطابق یہ رویہ ان کے قانونی حقوق کے خلاف ہے اور ضرورت پڑنے پر وہ قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos