عراق،گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ،کردستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

عراق کے خودمختار کردستان ریجن میں گذشتہ رات خُور مور گیس فیلڈ پر ڈرون حملے میں بڑے گیس کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پورے خطے کی بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی۔

مقامی حکام کے مطابق رات 11 بج کر 30 منٹ پر حملہ ہوا جس کے بعد پاور پلانٹس کو گیس کی ترسیل مکمل طور پر بند کر دی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق سلیمانیہ سمیت پورے خطے میں بجلی بند ہو گئی۔ خُور مور گیس فیلڈ کرکوک اور سلیمانیہ کے درمیان واقع ہے اور کردستان ریجن کو زیادہ تر بجلی فراہم کرتا ہے۔

ریجنل الیکٹرک اتھارٹی کے ترجمان عُمید احمد کے مطابق حملے سے 2 ہزار 600 میگاواٹ بجلی متاثر ہوئی، جو پورے خطے کے پاور گرڈ کا تقریباً 80 فیصد ہے۔ حکام نے کہا کہ وہ یو اے ای کی کمپنی ڈانا گیس کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہے ہیں اور گیس کی سپلائی بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

 

مقامی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ گیس اسٹوریج ٹینکس پر کیا گیا جس کے نتیجے میں زبردست دھماکہ اور بڑی آگ بھڑک اٹھی، تاہم عراق کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کمانڈ نے کہا کہ “اس حملے کا مقصد ملک کی سیکیورٹی اور معاشی استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔” ابھی تک کسی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

عراق گزشتہ برسوں میں خُور مور کمپلیکس پر متعدد ڈرون اور راکٹ حملوں کا شکار رہا ہے۔ اپریل 2024 میں اسی جگہ ایک ڈرون حملے میں چار یمنی کارکن ہلاک ہوئے تھے، جبکہ رواں سال کے آغاز میں کردستان ریجن کے متعدد آئل فیلڈز پر نامعلوم ڈرون حملے ہوئے تھے۔ حکام نے صورتحال پر قابو پانے اور بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔