تاوان کی ادائیگی کے بعدکچے سے اغوا شدہ نوجوان بازیاب

پشاور(اُمت نیوز)  تہکال کا رہائشی فرنیچر کاریگر یاسر، جسے دو ماہ قبل کچے کے ڈاکوؤں نے اسلام آباد سے اغوا کیا تھا، تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔

 

خاندانی ذرائع کے مطابق یاسر کی رہائی کے لیے 25 لاکھ روپے کا طے شدہ تاوان دیا گیا، تاہم وہ ابھی تک گھر نہیں پہنچا۔ یاسر کو دو ماہ قبل فرنیچر کا آرڈر دینے کے بہانے ٹیلیفونک رابطے پر اسلام آباد بلایا گیا تھا، جہاں سے کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے مسلح گروہ نے اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کاروں نے ابتدائی طور پر 75 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر بات چیت کے بعد 25 لاکھ روپے پر سمجھوتہ طے پایا۔

یہ رقم مقامی سیاسی اور سماجی قائدین اور رشتہ داروں کی مدد سے اکٹھی کی گئی۔ اغوا کے دوران یاسر کی ایک ویڈیو بھی ورثاء کو بھیجی گئی تھی، جس میں اس پر تشدد کیا گیا تھا۔

متعلقہ تھانے میں یاسر کے اغوا اور گمشدگی کے حوالے سے ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ خاندان نے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔