دبئی:شیخ محمد بن راشد کی قیادت میں غزہ کے لیے امدادی مہم شروع

 

دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حکمران شیخ محمد بن راشد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں انسانی ہمدردی کے جہاز کے لیے خوراک بھیجنے کی ملک گیر مہم میں حصہ لیں۔

یہ مہم 7 دسمبر کو ایکسپو سٹی، دبئی میں منعقد ہوگی، جس میں رضاکار خوراک کی پیکنگ اور تیاری میں حصہ لیں گے۔ پیک شدہ خوراک شیخ محمد بن راشد ہیومینٹیرین شپ کے ذریعے غزہ پہنچائی جائے گی تاکہ محصور شہریوں کی مشکلات کم کی جا سکیں۔

ایمریٹس ریڈ کریسنٹ نے 24 ممالک میں 1.8 ملین افراد کی مدد کے لیے سرمائی امدادی مہم کا آغاز کیا ہے۔ محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز (MBRGI) اور عالمی خوراک پروگرام کے تعاون سے 10 لاکھ افراد تک خوراک پہنچائی جائے گی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لیے پچھلے دو سال میں 8,700 ٹرک روانہ کیے ہیں۔ اس دوران 16 لاکھ امدادی پیکجز پہنچائے گئے اور اماراتی مہم الفارس الشہم تھری کے تحت 250 قافلے روانہ کیے گئے۔

خصوصی طور پر غزہ کی خواتین اور بچوں کے لیے امدادی پیکجز فراہم کیے گئے، ساتھ ہی 33 ایمبولینسیں اور فیلڈ کلینک قائم کیے گئے۔ امدادی سرگرمیوں میں پانی اور انفراسٹرکچر سپورٹ بھی شامل ہے۔

کابینہ کے امور کے وزیر اور MBRGI کے سیکرٹری جنرل محمد الگرگاوی نے کہا کہ یہ جہاز متحدہ عرب امارات کی سخاوت اور قیادت کے انسانی اقدار کی علامت ہے اور غزہ کے شہریوں کی تکالیف کم کرنے کے لیے اہم قدم ہے۔

غزہ میں دو سال سے جاری تنازع کے باعث 20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہیں اور خوراک، صحت اور بنیادی سہولیات کی کمی شدید انسانی بحران پیدا کر رہی ہے۔

عوام اس امدادی تقریب میں www.MBRship.ae پر رجسٹر کر کے صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک حصہ لے سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔