راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں آج بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقاتوں کا دن ہے، اور اس موقع پر سیکیورٹی کو غیر معمولی طور پر سخت کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا نام بھی شامل ہے، جن کے آج جیل پہنچنے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز چھ افراد پر مشتمل ملاقات کنندگان کی فہرست سلمان اکرم راجہ کی جانب سے جیل حکام کو فراہم کی گئی تھی۔ اس فہرست میں پارٹی کے اہم رہنما، وکلا اور ذاتی ساتھی شامل ہیں، تاہم ملاقاتیں صرف انہی افراد تک محدود ہوں گی جن کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔
ہر آنے والے شخص کی مکمل تلاشی لی جارہی ہے، اور صرف کلیئرنس کے بعد جیل کے احاطے میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز کے ہنگامہ خیز حالات کے بعد آج خصوصی اقدامات
گزشتہ دنوں اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں اور عمران خان کی بہنوں کے دھرنے کے بعد جیل کے اطراف صورتحال کشیدہ رہی تھی۔ اسی تناظر میں آج ملاقاتوں کے موقع پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔
ملاقاتوں کا دورانیہ اور طریقہ کار
جیل حکام کے مطابق تمام ملاقاتیں مقررہ وقت، محدود تعداد اور سیکیورٹی پروٹوکول کے تحت کروائی جائیں گی۔ ملاقاتوں کے دوران وکلا ٹیم اہم کیسز اور قانونی حکمتِ عملی سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو بریفنگ دے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos