کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سید پیر محمد شاہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ای چالان جمع نہ کروانے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس معطل کیا جائے گا۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ ای چالان اگر تین ماہ تک جمع نہیں کروایا گیا تو ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔ شہریوں کو 30 پوائنٹس دیے گئے ہیں، اور ٹریفک قوانین کی ہر خلاف ورزی پر یہ پوائنٹس کم ہوتے جائیں گے۔ جب پوائنٹس ختم ہو جائیں گے تو چھوٹی گاڑی کے ڈرائیور کا لائسنس 3 مہینے کے لیے اور بڑی گاڑی کا لائسنس 6 ماہ کے لیے بلاک کر دیا جائے گا، جس کے بعد نئے لائسنس کے لیے دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ای چالان جمع کروانے کی مدت 21 دن ہے۔ اگر 14 دن میں ادائیگی کی جائے تو جرمانے میں 50 فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ 22 ویں دن چالان کی رقم دگنی ہو جائے گی۔ مثال کے طور پر، اگر چالان 5 ہزار روپے کا ہے تو پہلے 14 دنوں میں 2,500 روپے ادا کیے جا سکتے ہیں، اور آخری تاریخ کے بعد یہ رقم 10 ہزار روپے ہو جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت پر چالان جمع کروائیں تاکہ لائسنس اور شناختی کارڈ کی معطلی یا بلاک ہونے سے بچا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos