بحیرہ اسود، ترکی: ترکی کے ساحل کے قریب بحیرہ اسود میں روس کے دو آئل ٹینکروں میں دھماکے اور آگ بھڑکنے سے ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔ حکام نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا اور مجموعی طور پر 45 افراد کو محفوظ نکال لیا۔
ترک وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق 274 میٹر طویل ٹینکر کائروس میں دھماکا اس وقت ہوا جب جہاز مصر سے روس کی جانب جا رہا تھا۔ واقعے کے فوری بعد دو فاسٹ ریسکیو بوٹس، ایک ٹگ بوٹ اور ایک ایمرجنسی ویسل جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ وزارت نے تصدیق کی کہ جہاز پر موجود 25 افراد بحفاظت نکال لیے گئے۔
کائروس ترک ساحل سے 28 نیوٹیکل میل دور ایک "بیرونی اثر” کے نتیجے میں آگ کی لپیٹ میں آیا۔ دوسری جانب ٹینکر ویرات کو بھی بلیک سی میں تقریباً 35 نیوٹیکل میل کے فاصلے پر دھچکا لگا، جس کے بعد ریسکیو یونٹس اور ایک کمرشل ویسل فوری طور پر بھیجے گئے۔ رپورٹ کے مطابق جہاز کے انجن روم میں گھنے دھوئیں کی نشاندہی ہوئی، تاہم 20 اہلکار محفوظ رہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹینکرز، کائروس اور ویرات، ان بحری جہازوں کی فہرست میں شامل ہیں جن پر 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد عالمی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos