اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اسلام آباد ائرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور تقریباً دو گھنٹے تک امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور امیگریشن عملے کی 7 نومبر کو کم دستیابی پر سخت نوٹس لیا، جس کے لیے فوری انکوائری کا حکم جاری کیا۔
محسن نقوی نے ویزا ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ جعلی یا بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے ذریعے بیرون ممالک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ یہ نہ صرف مسافروں کے مستقبل کے لیے خطرہ ہے بلکہ ملک کی بدنامی کا باعث بھی بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایجنٹ مافیا پیسوں کے لالچ میں معصوم لوگوں کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں، اور ایسے افراد سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ ضروری دستاویزات کے حامل مسافروں کو سفر سے نہ روکا جائے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ آئندہ اس طرح کی شکایات کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی، اور مسافروں کی حفاظت اور قومی ساکھ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos