مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی روسی دھمکی

روس نے عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ روسی مواصلاتی نگران ادارے روسکومنیڈزو کے مطابق اگر واٹس ایپ روسی قوانین کی پاسداری نہ کر سکی تو اسے مکمل طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔

روسی حکام نے واٹس ایپ پر جرائم کو روکنے میں ناکامی کا الزام دہرایا اور شہریوں کو متبادل اور مقامی میسجنگ ایپ میکس (MAX) پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔ میکس ایک مقامی سروس ہے لیکن اس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سہولت موجود نہیں۔

واٹس ایپ کی مالک امریکی کمپنی میٹا نے کہا کہ روس واٹس ایپ پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ کمپنی نے صارفین کی محفوظ معلومات روسی حکومتی اداروں کے ساتھ شیئر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

روس میں ٹیلی گرام اور واٹس ایپ سب سے زیادہ مقبول میسجنگ سروسز ہیں، تاہم روسی حکومت کا مطالبہ ہے کہ دہشتگردانہ سرگرمیوں اور فراڈ کی تحقیقات کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو۔

یہ اقدام روس کی جانب سے اگست میں واٹس ایپ کالز پر عائد پابندی کے سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر سامنے آیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔