پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں جدید طرز پر کچرا جمع کرنے کے لیے رنگ دار کوڑے دانوں کے استعمال کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ نئے حکم کے مطابق تمام بازاروں، شاپنگ مالز، تجارتی مراکز، سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں مخصوص رنگوں کے کچرا دان نصب کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق گزشتہ سال ستمبر میں ’سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘ کو پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ اب اس نظام کو صوبے بھر میں پھیلایا جا رہا ہے۔
حکم نامے کے مطابق مختلف رنگوں کے کوڑے دان مخصوص قسم کے کچرے کے لیے مختص ہوں گے:
- پیلا ڈبہ: کاغذ، ردی اور پیکنگ کا سامان
- سبز ڈبہ: بوتلیں، شیشہ، لیبارٹری کا ضائع شدہ مواد
- سرمئی ڈبہ: کھانے پینے کا بچا ہوا مواد، پھلوں کے چھلکے، سبزیوں کا کچرا
- لال ڈبہ: لوہا اور دیگر دھاتی اشیاء
- نارنجی ڈبہ: پلاسٹک ویسٹ جو ری سائیکلنگ کے قابل ہو
حکام کا کہنا ہے کہ رنگ دار کوڑے دان نہ لگانے کی صورت میں ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔ اس نظام کا بنیادی مقصد کچرے میں کمی، ری سائیکلنگ کے فروغ اور ماحول دوست طرزِ عمل کو عام کرنا ہے۔
مزید یہ کہ شہری تعلیمی اداروں سے کچرا اٹھانے کے لیے پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos