فرانس میں چوری کی ایک غیر معمولی واردات نے سب کو حیران کر دیا، جہاں نامعلوم چور تقریباً 90 ہزار یوروز مالیت کے تازہ اور منجمد گھونگے چرا کر فرار ہو گئے۔ یہ گھونگے مقامی فارم "ل’یسکارگو ڈے گرانڈز” سے چرائے گئے تھے اور انہیں مِشیلن اسٹار ریسٹورانٹس کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔
فارم کے پروڈیوسر جان میتھیو ڈاوریگنے کے مطابق تقریباً 450 کلوگرام گھونگے اتوار اور پیر کی درمیانی شب چوری کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گھونگے کرسمس سیزن کے لیے اعلیٰ ریسٹورانٹس کو فراہم کیے جانے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چوروں نے فارم کی باڑ کاٹ کر اندر داخل ہوئے، دروازے کو اوزار کی مدد سے توڑا اور سکیورٹی لائٹس کے سینسر بھی ناکارہ کر دیے، جس کے بعد کولڈ اسٹوریج میں محفوظ گھونگے اٹھا لیے۔
ڈاوریگنے کے مطابق اس بڑی مقدار کی چوری سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کام کسی منظم گروہ نے کیا ہے۔
چوری کیے گئے گھونگے فرانس کے ممتاز مِشیلن اسٹار ریسٹورانٹس، جن میں ریئمس کا معروف "ڈومین لی کریئرز” بھی شامل ہے، میں خصوصی پکوانوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں، جہاں انہیں پف پیسٹری کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں لوور میوزیم سے قیمتی جواہرات کی چوری کا کیس بھی رپورٹ ہوا تھا۔ اس مقدمے میں پولیس نے ایک 39 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے، جسے چوروں کے گروہ کا چوتھا رکن قرار دیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی ادارہ چیمبرز آف ایگریکلچر کے مطابق ملک میں ہر سال تقریباً 14,300 ٹن گھونگے کھائے جاتے ہیں، لیکن ان میں سے تقریباً 95 فیصد بیرونِ ملک سے درآمد کیے جاتے ہیں۔
اس انوکھی چوری نے ایک بار پھر فرانس میں خوراک اور قیمتی اشیا کی حفاظت سے متعلق سوالات کو جنم دے دیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos