اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نومبر میں ٹیکس وصولی کا مقررہ ہدف پورا کرنے میں ناکام رہا۔ ایف بی آر کے مطابق رواں ماہ ایک ہزار 34 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں مجموعی ٹیکس وصولی 878 ارب روپے رہی، جس کے باعث 156 ارب روپے کا شارٹ فال سامنے آیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ماہ کے آخری دن کچھ بہتری کی توقع کی جا رہی ہے اور شارٹ فال میں تقریباً 5 ارب روپے کمی ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق دسمبر کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 1406 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جسے حاصل کرنے کے لیے متعلقہ دفاتر کو اضافی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں بھی ٹیکس وصولی ہدف سے کم رہی، جہاں 5083 ارب روپے کے مقابلے میں 4715 ارب روپے جمع ہوسکے، یوں مجموعی طور پر 413 ارب روپے کا شارٹ فال ریکارڈ ہوا ہے۔
ایف بی آر کے دفاتر نے ہدف کے حصول کے لیے تعطیل کے باوجود آج بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولیوں میں بہتری لانے کے لیے مزید انتظامی اور تکنیکی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos