اقوام متحدہ ،فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
انتونیو گوتریس نے بیان میں کہا کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کا قتل عام، بار بار بے گھری اور انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالنا ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ حالیہ جنگ بندی کی مکمل پابندی کریں اور انسانی امداد کو غزہ میں بڑے پیمانے پر داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔
سیکرٹری جنرل نے فلسطینی سرزمین کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے اور دو ریاستی حل کی جانب ناقابل واپسی پیشرفت کا مطالبہ بھی دہرایا۔
دوسری جانب فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر لندن میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین ہائیڈ پارک سے وائٹ ہال تک مارچ کرتے ہوئے اسرائیل مخالف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔
مظاہرین نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو اسلحہ فروخت روکیں اور عالمی برادری سے غزہ میں انسانی امداد کی رسائی ممکن بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos