عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دیرپا امن کا واحد راستہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ انہوں نے یہ مؤقف ترکیہ سے لبنان جاتے ہوئے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران اختیار کیا۔
پوپ لیو کا کہنا تھا کہ رومن کیتھولک چرچ کی اعلیٰ قیادت کئی برسوں سے دو ریاستی حل کی مستقل حامی رہی ہے، کیونکہ یہی فارمولہ خطے میں انصاف، امن اور استحکام کا ضامن بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق ’’ہم سب جانتے ہیں کہ اسرائیل اس حل کو قبول نہیں کرتا، لیکن ہم دو ریاستی حل ہی کو تنازع کے پائیدار حل کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘‘
پوپ لیو نے یاد دلایا کہ رومن کیتھولک چرچ کے مرکزی ادارے ہولی سی نے 2015 میں باضابطہ طور پر فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کیا تھا، جو کہ چرچ کے دیرینہ مؤقف کی واضح توثیق ہے۔
عالمی مبصرین کے مطابق پوپ کا یہ تازہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور بین الاقوامی سطح پر ایک نئے سفارتی دباؤ کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos