پناہ گزینوں کی درخواستوں پر پابندی کا کوئی ٹائم فریم طے نہیں،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کی درخواستوں پر فیصلوں کی معطلی غیر معینہ مدت تک جاری رہ سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پابندی کے خاتمے کے لیے کوئی ٹائم فریم طے نہیں کیا گیا۔

ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ان افراد کو ملک میں داخل نہیں کرنا چاہتا جن سے مزید مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہو۔ ان کے مطابق ’’ہمارے پاس پہلے ہی بہت سے چیلنجز ہیں، اس لیے ہم ایسے لوگوں کو نہیں چاہتے۔‘‘

ٹرمپ نے کچھ ترقی پذیر ممالک کو ’’جرائم سے بھرپور‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ملک جہاں اپنی ہی آبادی کا خیال نہیں رکھا جاتا، وہاں کے افراد کی امریکا کو ضرورت نہیں۔

گفتگو کے دوران انہوں نے ڈیموکریٹ رکن کانگریس الہان عمر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جو دو دہائیاں قبل بطور پناہ گزین امریکا آئی تھیں۔ صدر ٹرمپ ماضی میں بھی صومالیہ کو اُن ممالک کی مثال کے طور پر پیش کرتے رہے ہیں جن کے شہریوں کی ہجرت پر وہ اعتراض کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ نے دو روز قبل پناہ گزینوں سے متعلق تمام درخواستوں پر فیصلے عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا تھا، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔