پشاور: خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنانے اور بلیک میلنگ کرنے والے ایک سرکاری اسپتال کے سی سی ٹی وی آپریٹر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے خطرناک بلیک میلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔
ملزم عمران نے شادی کا جھانسہ دے کر متاثرہ خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کیں اور 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ملزم نے متاثرہ خاتون کے بہنوئی کو نازیبا ویڈیو بھی بھیجی اور بیانات بھی ریکارڈ کیے۔
NCCIA نے تاتارا پارک میں خفیہ ملاقات کا انتظام کر کے چھاپہ مارا اور ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے آئی فون 12 پرو میکس، واٹس ایپ چیٹس اور متعدد خواتین کی خفیہ ویڈیوز برآمد ہوئیں۔
تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم PIC اسپتال میں سی سی ٹی وی آپریٹر کے طور پر تعینات تھا اور اسپتال کے خواتین وارڈ کی خفیہ ویڈیوز اس کے قبضے میں تھیں۔ پولیس نے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos