راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے کاروباری شخصیت و پیڑول پمپ کے مالک سردار ارشاد کو اس وقت قتل کر دیا جب وہ اپنی تینوں کمسن بچیوں کو سکول سے گھر لے جارہے تھے۔
ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مقتول کی لاش سول ہسپتال راولپنڈی میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ۔واقعہ ثمر زار اڈیالہ روڈ پرپیش آیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق صدر بیرونی کے علاقہ میں فائرنگ سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے لیا، سی پی او نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی اور موقع پر پہنچنے اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا۔
ایس پی صدر انعم شیرنے ہسپتال جاکر لواحقین سے ملاقات اور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔
پولیس نے بتایاہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول گاڑی پر جا رہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق واقعہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، نعش کا پوسٹ مارٹم کرانے کے علاوہ موقع سے شواہد حاصل کئے گئے ہیں،، واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos