وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے حکومت کو چیلنج دیا ہے کہ اگر ہمت ہے تو صوبے میں گورنر راج نافذ کر کے دکھائیں، کیونکہ وہ کسی سے نہیں ڈرتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلے ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مضبوط اثر موجود ہے، اس لیے کسی اور راج کی ضرورت نہیں۔ سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بند کمروں میں بنائی جانے والی پالیسیاں خیبرپختونخوا میں نافذ کرنے والوں کو سمجھنا چاہیے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی کہا تھا کہ انہیں صوبے میں گورنر راج لگتا نظر نہیں آ رہا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آئین کے مطابق گورنر راج صرف اس وقت لگایا جا سکتا ہے جب صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آئین کے تحت صوبے میں حکومت عوام کے نمائندوں کی ہوگی، اور اس وقت کابینہ اور منتخب وزیرِ اعلیٰ موجود ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سہیل آفریدی بڑی اکثریت سے خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں، اس لیے وفاق کو صوبے میں اپنا نمائندہ مسلط کرنے کی ضرورت نہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos