اسلام آباد میں نوعمر ڈرائیور نے لینڈکروزر سے اسکوٹی کچل ڈالی، 2 خواتین جاں بحق

اسلام آباد میں ایک نوعمر ڈرائیور نے اپنی لینڈکروزر وی 8 گاڑی سے ایک اسکوٹی کچل ڈالی جس کے نتیجے میں اسکوٹی سوار دو لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں۔ شہر اقتدار میں چند روز کے دوران اسکوٹی کے کچلے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اسلام آباد کے علاقے تھانہ سیکرٹریٹ کی حدود میں پیر اور منگل کی درمیانی شب یہ حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق 16 سالہ ڈرائیور جس کا نام ابوذر بتایا جاتا ہے نے مبینہ طور پر تیز رفتار لینڈ کروزر وی 8 چلاتے ہوئے الیکٹرک اسکوٹی پر گھر واپس جاتی دو لڑکیوں کو روند ڈالا۔ دونوں لڑکیاں موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

جاں بحق خواتین کی شناخت ثمرین اور تابندہ کے نام سے ہوئی، واقعے کا مقدمہ جاں بحق لڑکی ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کر لیا گیا۔

‏حادثہ رات تقریباً ساڑھے بارہ سے ایک بجے کے درمیان شاہراہ دستور پر پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی انتہائی تیز رفتار تھی اور ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکوٹی کئی فٹ دور جا گری۔

‏پولیس نے ملزم ابوذر کو موقع سے گرفتار کرلیا۔ جس کے والد کا تعلق عدلیہ سے بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جاں بحق لڑکیوں کا تعلق ایک غریب محنت کش خاندان سے ہے۔

اس سے قبل 29 نومبر کو ایران ایونیو پربھی تیز رفتار گاڑی نے الیکٹریکل اسکوٹی کو ٹکر مار دی تھی۔ اسکوٹی پر دو لڑکیاں سوار تھیں جن کی شناخت آمنہ اور فاطمہ کے ناموں سے ہوئی۔ گاڑی کی ٹکر اس قدر شدید تھی کہ ایک زخمی لڑکی آمنہ اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔