خونی کھیل بسنت کو منانے کا حکومتی فیصلہ برقرار،آرڈیننس 2025 جاری

 

پنجاب میں ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کو چالیس روز ہی گزرے تھے کہ صوبائی حکومت نے ایک بار پھر بسنت منانے کے فیصلے پر اپنی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے پنجاب کائٹ فلائینگ آرڈیننس 2025 جاری کر دیا ہے۔

نئے آرڈیننس کے مطابق صوبے بھر میں پتنگ بازی اب ڈپٹی کمشنروں کی اجازت سے مشروط ہوگی، جبکہ پتنگ بنانے، فروخت کرنے اور پتنگ باز تنظیموں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ آرڈیننس کے تحت لائسنس کے بغیر پتنگ سازی یا فروخت نہیں کی جا سکے گی۔

حکومت نے اس قانون کے ذریعے 2001 میں نافذ کیے گئے پتنگ بازی پابندی آرڈیننس کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، تاہم سابق قانون کے تحت کیے گئے تمام اقدامات کو درست تسلیم کیا گیا ہے۔

نئے آرڈیننس میں حکومت اور ڈپٹی کمشنروں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مخصوص مقامات، مخصوص دنوں اور مقررہ اوقات میں غیر خطرناک مواد کے ساتھ محدود پیمانے پر پتنگ بازی کی اجازت دے سکتے ہیں، تاہم "غیر خطرناک مواد” کی واضح تعریف آرڈیننس میں شامل نہیں کی گئی۔

قانون میں پولیس کو بھی وسیع اختیارات دیے گئے ہیں، جن کے تحت سب انسپکٹر رینک کا افسر بغیر وارنٹ گرفتاری کر سکے گا، کسی بھی جگہ داخل ہو کر تلاشی لے سکے گا اور ممنوعہ سامان قبضے میں لے سکے گا۔ حکومت ضرورت پڑنے پر یہی اختیارات دیگر اداروں یا ایجنسیوں کو بھی تفویض کر سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔