پاک فوج کی زیر نگرانی میرانشاہ میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں شمالی وزیرستان کے قبائلی عمائدین اور مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میرانشاہ نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور علاقے میں امن و استحکام کے لیے قبائلی روایات اور مشران کے بھرپور کردار کو سراہا۔
جرگے میں شمالی وزیرستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ عمائدین نے علاقے میں جاری تعمیر و ترقی، خدمات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
قبائلی مشران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنۂ خوارج اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک وہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر قدم پر تعاون جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن، خوشحالی اور محفوظ ماحول کے لیے فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہنا وقت کی ضرورت ہے۔
جرگے کے اختتام پر علاقے میں امن، ترقی اور مضبوط انتظامی ڈھانچے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos