پاکستان اور ترکیہ کا توانائی کے شعبے میں اہم معاہدہ

 

 پاکستان اور ترکیہ نے توانائی کے شعبے میں اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم معاہدہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترک پیٹرولیم اوورسیز کمپنی (ٹی پی او سی) نے پاکستان میں پانچ تیل کی کنسیشنز کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جن میں تین آف شور اور دو آن شور بلاکس شامل ہیں۔

یہ معاہدے ٹی پی او سی کے پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں باضابطہ داخلے کی نشاندہی کرتے ہیں، جہاں کمپنی ملک کی معروف ای اینڈ پی کمپنیوں کے ساتھ کام کرے گی۔ توقع ہے کہ اس سرمایہ کاری سے مجموعی طور پر 300 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

معاہدے کی تقریب وزیر اعظم کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترک وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپارسلان بایراکتار بھی موجود تھے۔ تقریب میں تیل اور بجلی کے وزراء سمیت دیگر سینئر حکومتی حکام نے بھی شرکت کی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ معاہدہ دو طرفہ توانائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید سرمایہ کاری اور تکنیکی شراکت داری کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔