پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ مذاکرات کسی حتمی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئے، تاہم دونوں ممالک نے موجودہ جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں ہوئے، جو قطر، ترکیہ اور سعودی عرب کی مشترکہ کوششوں سے جاری سفارتی سلسلے کا حصہ ہیں۔ ان بات چیت کا مقصد اکتوبر میں سرحدی جھڑپوں کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی لانا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دوحہ میں طے پانے والی جنگ بندی مجموعی طور پر برقرار ہے، لیکن گزشتہ ماہ استنبول میں ہونے والی فالو اپ میٹنگز میں طویل المدتی معاہدہ طے نہیں ہوسکا۔ حکام کے مطابق سعودی عرب کی ایک سفارتی پیشکش کے تحت یہ نیا دورِ مذاکرات منعقد ہوا۔
یاد رہے کہ اکتوبر میں دونوں ممالک کی سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں متعدد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ پاکستان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحریری طور پر یقین دہانی کرائے کہ پاکستانی مخالف گروہوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تاہم افغان طالبان اس مطالبے پر آمادہ نظر نہیں آتے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos