: اسلام آباد: دفتر خارجہ نے امریکی شہر ڈیلاویئر میں گرفتار ہونے والے شخص کے پاکستانی شہری ہونے کی تردید کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، امریکا میں گرفتار شخص لقمان خان پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری ہے۔
اس سے قبل امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ 25 سالہ لقمان خان کی گرفتاری 24 نومبر کی رات کینبی پارک ویسٹ میں ایک ٹرک روکنے کے دوران عمل میں آئی۔ پولیس کے مطابق لقمان خان نے گاڑی سے باہر نکلنے کے احکامات نہ مانے اور مزاحمت کرنے پر اسے حراست میں لیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تفتیش کے دوران لقمان خان کے ٹرک سے پستول، میگزین اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کی دستاویزات برآمد ہوئیں، جن میں یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس اسٹیشن کا خاکہ، داخلی و خارجی دروازوں کے نشانات اور ایک پولیس افسر کا نام شامل تھا۔
گرفتاری کے ایک دن بعد، ایف بی آئی نے لقمان خان کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے مزید جدید اسلحہ برآمد کیا گیا۔
ابتدائی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ لقمان خان پاکستانی نژاد امریکی شہری اور یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کا طالب علم ہے، اور وہ یونیورسٹی کے پولیس ڈیپارٹمنٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم دفتر خارجہ کی وضاحت کے بعد یہ دعویٰ درست نہیں پایا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos