بنگلہ دیش کی نگراں حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے ڈھاکا کے ایورکیئر ہسپتال میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیا کی عیادت کی۔
پروفیسر یونس شام تقریباً 7 بجے اسپتال پہنچے، جہاں ان کا استقبال بی این پی کے سیکرٹری جنرل مرزا فخرالاسلام عالمگیر، خالدہ ضیا کی میڈیکل ٹیم بشمول پروفیسر ڈاکٹر اے جے ایم زاہد حسین اور پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین تلکدار، خالدہ ضیا کی بہو سیدہ شرمیلا رحمان اور چھوٹے بھائی شمیم سکندر نے کیا۔
چیف ایڈوائزر تقریباً نصف گھنٹہ اسپتال میں موجود رہے اور اس دوران انہوں نے خالدہ ضیا کے اہلخانہ اور پارٹی رہنماؤں سے صبر اور ہمت کے ساتھ حالات کا سامنا کرنے کی اپیل کی۔
خالدہ ضیا کی معالج ٹیم نے پروفیسر یونس کو ان کی صحت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ امریکہ کے ماؤنٹ سینائی اور جانز ہاپکنز کے ماہرین کے ساتھ ساتھ برطانیہ، چین اور دیگر ممالک کے اسپیشلسٹس بھی خالدہ ضیا کے علاج کی نگرانی کر رہے ہیں۔
پروفیسر یونس نے حکومت کی جانب سے بیگم خالدہ ضیا کے علاج میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور عوام سے دعا کی اپیل بھی کی تاکہ ان کی صحت جلد بحال ہو۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos