معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے پینٹاگون کی جانب سے پریس ایکسس اور سورس بیسڈ رپورٹنگ پر پابندیوں کے بعد امریکی محکمہ دفاع اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا، مؤقف اختیار کیا کہ نئی پالیسی صحافتی آزادی اور پہلی آئینی ترمیم کی صریح خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ دور میں امریکی محکمہ دفاع کو محکمہ جنگ کا نام دے دیا گیا ہے اور پیٹ ہیگسیتھ خود کو وزیر جنگ کہلوانا زیادہ پسند کرتے
امریکی میڈیا کے مطابق اکتوبر میں پینٹاگون نے رپورٹرز سے کہا تھا کہ وہ نئی شرائط پر دستخط کریں جن کے تحت صحافی غیر منظور شدہ معلومات نہیں مانگ سکتے اور نہ ہی عمارت کے اندر آزادانہ نقل و حرکت رکھ سکتے۔ سخت شرائط کے ردعمل میں کئی بڑے اداروں—جن میں نیویارک ٹائمز، اے ایف پی، اے پی اور فاکس نیوز شامل ہیں—نے احتجاجاً اپنے پریس کریڈینشلز واپس کر دیے۔
نیویارک ٹائمز کے ترجمان چارلی اسٹاڈ لینڈر نے بیان میں کہا کہ حکومت کا یہ اقدام “ناپسندیدہ رپورٹنگ پر کنٹرول قائم کرنے کی کوشش” ہے، اور ادارہ “اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور قانونی جدوجہد کرے گا”۔
اخبار نے واشنگٹن ڈی سی کی ضلعی عدالت میں دائر مقدمے میں مؤقف اپنایا کہ پینٹاگون کی نئی میڈیا پالیسی آزادانہ اظہارِ رائے اور پریس کی آزادی پر قدغن ہے، جسے سپریم کورٹ بھی ناقابل قبول قرار دے چکی ہے۔ پالیسی کے تحت رپورٹرز سے 21 صفحات پر مشتمل فارم پر دستخط کرانے کی کوشش کی گئی، جس میں یہ شرط بھی شامل تھی کہ وہ سرکاری ملازمین کو "غیر عوامی یا خفیہ معلومات فراہم کرنے کی ترغیب” نہیں دیں گے۔
درخواست کے مطابق نئی پابندیاں صحافیوں کی اس بنیادی ذمہ داری میں مداخلت کرتی ہیں جس کے تحت وہ حکومتی حکام سے سوالات کرتے اور سرکاری بیانات سے ہٹ کر اصل صورتحال معلوم کر کے عوام کو آگاہ کرتے ہیں۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ غیر منظور شدہ معلومات رپورٹ کرنے پر صحافیوں کو سزا دی جا سکتی ہے، چاہے خبر پینٹاگون کے اندر جمع کی گئی ہو یا باہر، اور چاہے معلومات خفیہ ہوں یا غیر خفیہ۔
نیویارک ٹائمز نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان پابندیوں کو غیر آئینی قرار دیا جائے، کیونکہ یہ آزاد صحافت کو محدود کرنے اور پینٹاگون تک رسائی رکھنے والے آزاد رپورٹروں کو خاموش کرنے کے مترادف ہے۔ متعدد امریکی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں نے اس نئی پالیسی کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ مزاحمت کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos