فیصل آباد: خاتون خاکروب نے کوڑے سے ملے 9 لاکھ روپے مالک کو واپس کر دیے
فیصل آباد: صوبے کی سینیٹری ورکر نصرت بی بی نے کوڑا دان سے ملنے والے نو لاکھ روپے مالک کو واپس کر کے ایمانداری کی مثال قائم کی ہے۔
نصرت بی بی صوبائی حکومت کے "ستھرا پنجاب” منصوبے کے ایک لاکھ 30 ہزار ملازمین میں شامل ہیں، جو شہروں کی صفائی کا کام کرتے ہیں۔ نصرت بی بی نے بتایا کہ محلہ نگہبان پورہ کی گلی میں کوڑے سے پیکٹ ملا، جس میں نوٹوں کی گڈیاں تھیں۔ انہوں نے فوری طور پر اپنے سپروائزر کو اطلاع دی، جنہوں نے پیسوں کو اصل مالک تک پہنچایا۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ نصرت بی بی کی ایمانداری کو سراہا گیا اور انہیں تین لاکھ روپے انعام، تعریفی سرٹیفکیٹ اور ایک بیٹے کو ضلعی انتظامیہ میں نوکری دی جا رہی ہے۔
پانچ بچوں کی ماں نصرت بی بی نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں ہمیشہ رزق حلال کمایا اور بچوں کو بھی یہی سکھایا۔ انہوں نے افسران کی حوصلہ افزائی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔
واضح رہے کہ امریکی جریدے فوربز نے حال ہی میں "ستھرا پنجاب” پروگرام کو دنیا کا سب سے بڑا منظم ویسٹ مینجمنٹ سسٹم قرار دیا ہے، جس کے تحت روزانہ 50 ہزار ٹن کچرا اٹھایا اور ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos