کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پیپلز پارٹی کی 17 سالہ حکمرانی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے اور کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں۔
نور حق ادارے میں پریس کانفرنس کے دوران منعم ظفر نے کہا کہ واٹر کارپوریشن، سڑکیں اور شہری سہولیات انتہائی خراب حالت میں ہیں، اور شہری حادثات معمول بن چکے ہیں۔ ان کے مطابق کراچی میں منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوتے، کریم آباد انڈر پاس اور ملیر چوک سے ٹینک چوک تک سڑکیں تباہ حال ہیں، جبکہ گلستان جوہر انڈر پاس بھی عوام کے لیے مسائل پیدا کر رہا ہے۔
منعم ظفر نے کہا کہ شہریوں اور بلدیاتی اداروں کو اختیار نہیں دیا جاتا، بجٹ کے باوجود وسائل کی بروقت فراہمی نہیں ہوتی اور کے ایم سی کے الیکٹرک کے بلوں میں غیر ضروری ٹیکس لگا کر اربوں روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بسیں اور بی آر ٹی کے منصوبے صرف اعلانات تک محدود ہیں، جبکہ موٹر سائیکل پر لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں اور ہیوی ٹریفک سے متعدد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے واضح کیا کہ شہر کی حالت اب انتہا پر ہے اور پیپلز پارٹی کی 17 سالہ حکمرانی نے کراچی کو مکمل طور پر تباہ حال کر دیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos