کراچی میں جاری 35ویں نیشنل گیمز میں سندھ نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔
پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر کھیلے جانے والے نیٹ بال ویمن ٹورنامنٹ کے فائنل میں سندھ نے واپڈا کو ہرا دیا، واپڈا کو سلور میڈل پر قناعت کرنا پڑی، سنسنی خیز دلچسپ فائنل میں سندھ نے واپڈا کی مضبوط حریف ٹیم کے خلاف13کے مقابلے میں 20پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔
سیمی فائنل میں سندھ نے آرمی کی ٹیم کو شکست دی تھی، تقریب تقسیم انعامات میں سندھ حکومت کے سیکرٹیری کھیل منور علی محسیر نے انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 18 سال بعد سندھ کی میزبانی میں ہونے والے نیشنل گیمز میں میزبان ٹیم کا پہلا طلائی تمغہ جیتنا خوش آئند ہے، سندھ ڈے کے موقع پر فاتح ٹیم نے صوبے کو ایک اچھا تحفہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ سندھ بہترین میزبانی کے ساتھ ساتھ تمغوں کی دوڑ میں بھی کامیاب رہے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos