آئی جی پنجاب کا ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پر سخت ردعمل

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ موت اور حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہذب ممالک میں قانون کی پابندی کی حمایت کی جاتی ہے، ہڑتالیں نہیں۔ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ لائسنس ٹو کل کے مترادف ہے، جو دنیا میں کہیں نہیں ہوتا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا کہ اگر گاڑیاں بند رکھنے کی کوشش کی گئی تو سڑک پر گاڑیوں کو آنے نہیں دیا جائے گا اور انہیں ضبط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے نتیجے میں اسکول کی بسیں متاثر ہوں گی، بچے خطرے میں آئیں گے، اور اس معاملے میں کسی دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

آئی جی پنجاب نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون پر عمل درآمد کے بغیر کوئی چوائس نہیں ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ بھاری جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے آج پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مطالبہ کیا کہ ٹریفک آرڈیننس 2025 فوری واپس لیا جائے، کیونکہ ان کے بقول یہ بھاری جرمانے وصول کرنے اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔