سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ گورنر راج لگانے کی کسی میں جرات نہیں، اور گورنر راج سے صوبہ نہیں چل سکے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی گورنر راج پر اپنا آفیشل موقف واضح کرے اور بتائے کہ احمد کریم کنڈی کا بیان پارٹی پالیسی کے مطابق ہے یا نہیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی امن چاہتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی میں لوکل کمیونٹی کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، اور پالیسی ساز صوبائی حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر فیصلے کریں۔
سابق اسپیکر نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی جرگوں کی رائے کو اہمیت نہیں دی جا رہی، حالانکہ ان جرگوں میں سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔
اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی جلسوں میں کی گئی تقاریر آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کی گئی تھیں، اور آئین و قانون کے اندر رہ کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون میں جتنی گنجائش ہے، پی ٹی آئی اتنی بات کرے گی اور عوام کے حقوق کے لیے کھڑی رہے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos