امریکی عدالت نے صدرٹرمپ کو لاس اینجلس میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی ختم کرنے کا حکم دے دیا۔وفاقی جج نے کہا ہے کہ فوجیوں کو واپس ریاستی کنٹرول میں دیا جائے۔
امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج چارلس بریئر نے فیصلہ دیا کہ صدر کو واضح ایمرجنسی صورت حال کے بغیر کیلیفورنیا کے فوجیوں کو وفاقی کنٹرول میں رکھنے کا اختیار نہیں ۔
جج نے حکم نامے میں لکھاہے کہ یہ نتیجہ اخذ کرناغیر دانش مندانہ ہے کہ اگست، اکتوبر، یا یہاں تک کہ اس وقت بھی احتجاج کے باعث ممکنہ خطرات سےنیشنل گارڈکے بغیر نہیں نمٹا جاسکتا،ریکارڈ سے بھی اس کی تائید نہیں ہوتی۔
بریئرکو سابق صدر بل کلنٹن کی انتظامیہ نے عہدے پر تعینات کیا تھا ۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ پیر کی دوپہر تک حکم کے نفاذ میں تاخیر کریں گے۔
بریئر نے قبل ازیں فیصلہ دیا کہ ٹرمپ نے غیر قانونی طور پر فوجیوں کو بلایا۔جج نے صدر کو حکم دیا تھاکہ وہ ان کا کنٹرول گورنر کو واپس کردیں، لیکن ڈیموکریٹک گورنر کی یہ پہلی کامیابی مختصر ثابت ہوئی۔ اس حکم کے نافذ ہونے سے پہلے ہی، اسے ایک وفاقی اپیل کورٹ نے روک دیا تھا، جس سے ٹرمپ کو عارضی طور پر فوجیوں کا کنٹرول برقرار رکھنے کی اجازت دی گئی تھی ۔
تازہ عدالتی حکم کے حوالے سے وائٹ ہاؤس اپنے موقف پر قائم ہے کہ ٹرمپ کے پاس یہ فیصلہ کرنے کا واحد اختیار ہے کہ نیشنل گارڈ کے دستوں کو کب وفاق میں لایا جائے۔امریکی میڈیا نے کہاہے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وائٹ ہائوس اپیل کرے گا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان ابیگیل جیکسن نے ایک بیان میں کہاکہ صدر ٹرمپ نے پرتشدد ہنگاموں کے بعد وفاقی افسران اور اثاثوں کا تحفظ کرنے کے لیے نیشنل گارڈ زکی تعیناتی کا اپناقانونی اختیار استعمال کیا تھا۔
ٹرمپ انتظامیہ کے وکلاء نے متعدد شہروں میں دستوں کی تعیناتی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیگریشن نافذ کرنے والے حکام کے خلاف احتجاج بغاوت کے مترادف ہے اور ایجنٹوں کو امیگریشن قانون پر عمل کرنے سے روکتا ہے۔ لیکن وفاقی جج نے حکم میں کہا کہ فوج کو بلانے کا جواز پیش کرنے کے لیے یہ کافی نہیں ۔
بریئر نے لکھاکہ ہر احتجاج، اور درحقیقت عوامی سطح پر لوگوں کا کوئی بھی بڑا اجتماع، تشدد کا خطرہ رکھتا ہے، تاہم اس کا امکان نہیں۔جج نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ عدالتوں کو ایمرجنسی کے دوران ریاستی نیشنل گارڈ یونٹس کا کنٹرول سنبھالنے کے صدارتی فیصلے پر نظرثانی کرنے کا اختیار نہیں ،یہ کہتے ہوئے کہ یہ ایگزیکٹو اتھارٹی کا حد سے زیادہ وسیع نظریہ ہے۔
کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کے اراکین کو اگلے فروری تک وفاقی کنٹرول میں رہنا ہے۔
آج کا فیصلہ کافی حد تک واضح ہے – کیلیفورنیا میں نیشنل گارڈ کی وفاقیت غیر قانونی ہے اور اسے ختم ہونا چاہیے،گورنرنیوزوم نے بیان میں کہا۔صدر نے ان بہادر مردوں اور عورتوں کو ان کی اپنی برادریوں کے خلاف تعینات کرکے انہیں عوامی حفاظت کے ضروری کاموں سے ہٹا دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos