بھارت کے بغیر پاکستان کے ساتھ کسی اتحاد میں شمولیت ممکن ہے،بنگلا دیش

 

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے امور خارجہ کے مشیر محمد توحید حسین نے کہا ہے کہ تزویراتی طور پر ڈھاکہ کے لیے ممکن ہے کہ وہ بھارت کے بغیر پاکستان کے ساتھ کسی علاقائی گروپ میں شامل ہو جائے۔

صحافی کے ایک سوال کے جواب میں توحید حسین نے کہا کہ یہ بنگلہ دیش کے لیے تزویراتی طور پر ممکن ہے، لیکن نیپال یا بھوٹان کے لیے بھارت کو چھوڑ کر پاکستان کے ساتھ کسی گروپ میں شامل ہونا ممکن نہیں ہے۔

ان کے بیانات کو حالیہ اسلام آباد کنکلیو میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے بیان کے ردعمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش، چین اور پاکستان پر مشتمل سہ فریقی اقدام شروع ہو چکا ہے اور مستقبل میں اس میں دیگر ممالک کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

توحید حسین نے مزید کہا کہ ’’اسحاق ڈار نے کچھ کہا ہے اور شاید مستقبل میں اس میں پیش رفت ہو سکتی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں وزیر خارجہ ڈار نے 13 سال بعد پہلی بار بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے درمیان حالیہ مہینوں میں خوشگوار ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔

بنگلہ دیش میں گزشتہ سال اگست میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے بعد سے اسلام آباد اور ڈھاکہ کے تعلقات میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے، جبکہ سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم کو پناہ دینے والا دہلی نسبتاً دور ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔