غزہ کی پٹی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 12ہو گئی ہے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔اس دوران کم از کم 13 گھر منہدم ہو چکے ہیں جن میں تازہ ترین واقعات غزہ شہر کے دو علاقوں الرامہ اور شیخ رضوان میں پیش آئے۔ شہری دفاع کی ٹیمیں اب بھی سیکڑوں امدادی کالوں کا جواب دینے میں مصروف ہیں۔
شدید بارشوں اور طوفانی سیلابی ریلوں نے 27 ہزار سے زیادہ بے گھر افرادکے خیمے پانی میں ڈبو دیے، اکھاڑ دیے یا بہا لے گئے۔فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق بیت لاہیا کے علاقے بئر النعجہ میں ایک مکان گر جانے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، یہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
غزہ کے مغربی علاقے الرمال میں بے گھر افراد کے خیموں پر ایک بڑی دیوار گرنے سے دو شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ الشاطی کیمپ میں دیوار گرنے سے ایک شہری کی موت واقع ہوئی۔ شدید سردی کے باعث ایک بچی، الشاطی کیمپ میں ایک شیر خوار جاں بحق ہو گیا۔جنوبی شہر خان یونس کے علاقے المواصی میںسخت سردی سے ایک شیر خوار بچی کی موت ہو گئی۔
غزہ کے علاقے العمادی میں ابو جبل کیمپ کے اندر خیمہ گرنے سے دو بچے زخمی ہوئے۔
شہری دفاع کے مطابق چند گھنٹوں میں کم از کم 10 گھر مزید گر گئے جن میں دو گھر غزہ میں الکرامہ اور شیخ رضوان کے علاقوں میں زمین بوس ہوئے۔
طوفانی بارشوں کے باعث المواصی میں پوری کی پوری خیمہ بستیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ دیر البلح کے علاقے البصہ اورالبرہ، النصیرات میںمرکزی بازاراور غزہ شہر میںالیرموک اور المینا علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos