غزہ:طوفانی بارش اور سخت سردی سے 12 جاں بحق، ہزاروں خیمے ڈوب گئے

غزہ کی پٹی شدید طوفانی بارشوں اور سخت سردی کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور ہزاروں خیمے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ کم از کم 13 گھر منہدم ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے وفا کے مطابق بیت لاہیا کے علاقے بئر النعجہ میں ایک مکان گرنے سے 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ الشاطی کیمپ میں دیوار گرنے سے ایک شہری جاں بحق ہوا جبکہ الرمال کے مغربی علاقے میں خیمے پر گرنے والی دیوار کے نتیجے میں 2 شہری ہلاک ہوئے۔ شدید سردی کے باعث الشاطی کیمپ میں ایک شیر خوار اور غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں ایک بچی بھی زندگی کی بازی ہار گئی۔

طوفانی بارشوں نے المواصی کیمپ میں خیموں کو مکمل طور پر پانی میں ڈبو دیا، جبکہ دیر البلح، البرکہ، النصيرات اور غزہ شہر کے اليرموک و الميناء علاقوں میں بھی شدید نقصان پہنچا۔

اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین (انروا) نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں اور بھیگنے والے خیموں کی وجہ سے پہلے سے خراب صحت و صفائی کی صورت حال مزید بگڑ رہی ہے اور فوری امدادی اقدامات کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔