تھائی لینڈ کا ٹرمپ کے دعوے کے باوجود سرحدی جنگ جاری رکھنے کا اعلان

تھائی لینڈ کے وزیراعظم انتھن چارن ویراکُل نے اعلان کیا ہے کہ کمبوڈیا کے ساتھ متنازع سرحد پر فوجی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، باوجود اس کے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہو گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انتھن چارن نے فیس بک پر لکھا کہ تھائی لینڈ اپنی فوجی کارروائیاں تب تک جاری رکھے گا جب تک اپنی زمین اور عوام کے لیے کسی بھی نقصان یا خطرے کا خدشہ نہیں رہے گا۔

صدر ٹرمپ نے اکتوبر میں طویل عرصے سے جاری تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی تنازع میں جنگ بندی کروائی تھی اور جمعے کو دونوں ممالک کے وزیراعظم سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ روکنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ تاہم انتھن چارن اور کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مانیت نے بعد میں جاری کردہ بیانات میں کسی معاہدے کا ذکر نہیں کیا اور واضح کیا کہ کوئی جنگ بندی نہیں ہوئی۔

کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مانیت نے بھی کہا کہ ان کا ملک اکتوبر کے معاہدے کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کی کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ جولائی میں یہ سرحدی تنازع جنگ میں تبدیل ہوا تھا، جس میں کم از کم 48 افراد ہلاک اور تین لاکھ افراد عارضی طور پر نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے، اور دونوں ملکوں نے راکٹ اور بھاری توپ خانے استعمال کیے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔