کراچی میں 35ویں نیشنل گیمزکی اختتامی تقریب نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پرچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا روایتی تحفہ بھی پیش کیا۔
تقریب میں بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر بھی موجود تھے۔ بلاول نے فیلڈ مارشل کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور نیشنل گیمز میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کھیلوں کے اس قومی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے قوم کے مستقبل پر فخر، اعتماد اور عزم نو کا اظہار کیا ۔ اگرچہ نیشنل گیمز 2025اختتام کو پہنچ چکے، مگر اس ایونٹ سے جنم لینے والا جذبہ ملک بھر میں اتحاد، نظم و ضبط اور امید کی روشنی بکھیرتا رہے گا۔ نیشنل گیمز محض اسپیڈ، طاقت یا مہارت کا مقابلہ نہیں تھے بلکہ یہ پاکستان کا جشن تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں گلگت بلتستان سے گوادر تک، خیبر سے کراچی تک اور لاہور سے لاڑکانہ تک کا مقابلہ کرنے والا ہر کھلاڑی اپنے صوبے کے رنگ لیے ہوئے تھا، مگر سب ایک پرچم تلے متحد نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ صوبہ کو اس عظیم الشان ایونٹ کی میزبانی پر فخر ہے۔نہوں نے گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا فخر ہیں اور تمغے حاصل کریں یا نہ کریں، وہ نظم و ضبط، ثابت قدمی اور اتحاد کے سفیر بن کر اپنے اپنے علاقوں کو واپس جا رہے ہیں۔انہوں نے کوچز، آفیسروں، رضاکاروں، طبی عملے، منتظمین اور سیکیورٹی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو پرامن، محفوظ اور باوقار انداز میں منعقد کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ رواں سال کے اوائل میں آزمائش کے لمحات کے دوران پاکستان نے دشمن کو اتحاد اور عزم کے ساتھ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی اور قوت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرخرو ہوا، اس کی خودمختاری کا دفاع کیا گیا اور اس کی عزت و وقار کو برقرار رکھا گیا۔یہ کامیابی صرف ایک عسکری فتح نہیں تھی بلکہ ایک قومی کامیابی تھی، جس نے ہماری قوم کے اتحاد، ہماری افواج کے نظم و ضبط اور قوم و محافظوں کے درمیان اٹوٹ رشتے کی عکاسی کی۔ انہوں نے زور دیا کہ اتحاد کا یہی جذبہ اب تعلیمی اداروں، کھیلوں کے میدانوں، قومی اداروں اور روزمرہ زندگی میں بھی آگے بڑھایا جائے تاکہ ایک ایسا پاکستان تشکیل دیا جا سکے جہاں ہر صوبے کے ہر بچے کو کھیل، تعلیم، صحت اور قومی خدمت کے شعبوں میں یکساں مواقع میسر ہوں۔بلاول بھٹو زرداری نے تمام شرکا، کھلاڑیوں اور صوبوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نیشنل گیمز کے دوران قائم ہونے والی دوستیاں، سیکھا گیا ہر سبق اور اتحاد مستقبل میں بھی وفاق کو مزید مضبوط بناتا رہے گا۔ انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام”پاکستان زندہ باد” کے نعروں کے ساتھ کیا۔
گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا، اور آخر میں نیشنل گیمز کا فلیگ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے حوالے کیا گیا، جہاں اگلی نیشنل گیمز منعقد ہوں گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos