برلن:جرمنی میں کرسمس مارکیٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام مین 5افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
جرمنی میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ کرسمس مارکیٹ میں گاڑی چڑھا کر لوگوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں شامل تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد میں تین مراکشی، ایک مصری اور ایک شامی شہری شامل ہیں۔ یہ گرفتاری جمعے کے روز جنوبی ریاست باویریا میں عمل میں آئی۔ حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس منصوبے کے پیچھے محرک مذہبی ’شدت پسندی‘ ہو سکتی ہے۔
استغاثہ نے بتایا کہ 56 سالہ مصری شہری پر الزام ہے کہ اس نے ’گاڑی کے ذریعے حملے کی ترغیب دی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ہلاک یا زخمی کیا جا سکے‘۔ مراکشی شہریوں پر الزام ہے کہ انھوں نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
جرمنی میں حکام پہلے سے ہائی الرٹ پر ہیں کیونکہ کرسمس مارکیٹوں پر ماضی میں حملے ہو چکے ہیں۔ گذشتہ برس دسمبر میں میگڈیبرگ میں ایک حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ منصوبہ بند حملہ کب ہونا تھا اور کس مارکیٹ کو نشانہ بنایا جانا تھا
جرمن اخبار بلڈ کے مطابق مصری شہری علاقے کی ایک مسجد میں امام تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مراکشی شہری، جن کی عمریں 30، 28 اور 22 برس ہیں، کو قتل کی سازش پر گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ 37 سالہ شامی شہری پر الزام ہے کہ اس نے دیگر ملزمان کو ورغلایا ہے۔
پانچوں ملزمان سنیچر کے روز مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیے گئے اور انھیں حراست میں رکھا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos